اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس آج ہوں گے۔ جب کہ قبائلی علاقوں خیبراور مہمند ایجنسیوں، شمالی وزیرستان، بنوں اور شبقدر میں آج عید منائی جارہی ہے ۔ مختلف علاقوں میں نماز عید ادا کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔
خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑا میں نماز عید مرکزی میں عید گاہ میں ادا کی گئی۔ شمالی وزیر ستان کی تحصیلوں میران شاہ، رزمک، دتہ خیل، میرعلی سمیت مختلف علاقوں میں بھی نماز عید کے اجتماع ہوئے۔ بنوں کی پھوڑی گیٹ مسجد میں نماز ہوئی۔ مہمند ایجنسی اور شبقدر کے مختلف علاقوں میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔ نماز کے بعد ملک کی سالمیت اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔