لاہور (جیوڈیسک) رقص کے عالمی دن کو یادگاربنانے کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ کلاسیکل رقاصہ شیما کرمانی ، بھارت کے معروف شاعر و دانشور رابندر ناتھ ٹیگوراورشیخ ایاز کی نظموں پرمبنی پروگرام کراچی آرٹس کونسل میں 29 اپریل کو پیش کرینگی۔ اس موقع پر شیماکرمانی کے ہمراہ ٹیم میں 15 ڈانسر شامل ہونگے جب کہ دو گھنٹے جاری رہنے والی پرفارمنس کے لیے ریہرسلز کا سلسلہ جا ری ہے۔ پہلے مرحلے میں شیخ ایاز کی نظموں پرمبنی پرفارمنس پیش کی جائے گی جب کہ دوسرے مرحلے میں رابندرناتھ ٹیگور کی نظموں پرپرفارمنس ہو گی۔
اس پروگرام کو یادگار بنانے کے لیے میری ٹیم کے تمام لوگ ریہرسل کر رہے ہیں جب کہ تکنیکی اسٹاف لائٹنگ اور ساؤنڈ کی ذمے داریوں کو نبھا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ رقص کا عالمی دن پوری دنیا میں منایا جاتا ہے۔ اس دن کومنانے کے لیے بڑے بڑے پروگرام، سیمینارز کا انعقاد کیا جاتا ہے لیکن ہمارے ہاں رقص کا عالمی دن منانے کے لیے کچھ خاص اقدامات دکھائی نہیں دیتے ، لیکن ہماری کوششوں سے یہاں بھی اب یہ ٹرینڈ زور پکڑ رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ رقص فنون لطیفہ کی ایک انتہائی اہم صنف ہے۔ بہت سے نوجوان رقاص اپنی فنی صلاحیتوں کا اظہاررقص کے ذریعے کرتے ہیں۔ دوسری جانب ہماری تقریبات رقص کے بناء ادھوری ہوتی ہیں۔ امید ہے کہ ہماری پرفارمنس دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد کراچی آرٹس کونسل پہنچے گی۔