شیخ رشید کو کینیڈا جانے سے روک دیا گیا۔۔۔!

Sheikh Rasheed

Sheikh Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) پی آئی اے نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو کینیڈا جانے سے روک دیا ، ان کا کہنا ہے کہ میرا نام ای سی ایل میں نہیں ہے، آف لوڈ کرنے کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

ذرائع کے مطابق شیخ رشید پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 718 کے ذریعے اسلام آباد سے کینیڈا جانا چاہتے تھے۔ پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کوکینیڈا سے کلیئرنس نہ ہونے کی وجہ سے روکا گیا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کو کینیڈا کی ٹرانسپورٹ سیکیورٹی ایجنسی نے این او سی جاری نہیں کیا۔

ذرائع نے کہا کہ حکومتی متعلقہ ادارے شیخ رشید کی کلیئرنس سے متعلق مزید معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ دوسری جانب شیخ رشید نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے 23 مارچ کے سلسلے میں پاکستان ہاوٴس کی بنیاد رکھنے کے علاوہ متعدد اہم تقاریب میں بھی شرکت کرنا تھی،میری سیٹ کنفرم تھی اور میرا نام ای سی ایل میں بھی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے ان کو آف لوڈ کرنے کی وجہ نہیں بتائی تاہم انھیں آف لوڈ سلپ دے دی گئی۔ شیخ رشید نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس معاملے کواٹھائیں گے۔