راولپنڈی (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے حکومت کو ختم نبوت قانون اصل حالت میں بحال کرنے کے لئے ڈیڈ لائن دیدی۔ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جمعہ کی نماز سے پہلے ترمیم واپس نہ لی گئی تو تحریک لبیک یار سو ل اللہ شروع کر دوں گا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ وہ گناہ گار شخص ہیں مگر عاشق رسول ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انہوں نے پرسوں ہی قومی اسمبلی میں اس معاملے پر قوم کی توجہ مبذول کرا دی تھی ۔ اسمبلی میں قوم کو بتا دیا کہ حکومت نے ختم نبوت حلف نامے کو اقرار نامے میں تبدیل کر دیا ہے ۔ نبی اکرم کے نام پر قربان ہونا ہمارا اعزاز ہے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ بچپن میں ختم نبوت تحریک کے لئے جیل کاٹی ، حکومت کو آخری وارننگ دے رہا ہوں۔
جمعہ کی نماز سے پہلے پہلے ترمیم واپس لی جائے ورنہ پوری قوم سیکولر قوتوں کو بہا کر لے جائے گی ۔ حکومت نے ترمیم واپس نہ لی تو پھر لبیک یا رسو ل اللہ تحریک ملک بھر میں برپا ہوگی ۔ نا اہل شخص کے لئے حلف نامے کو اقرار نامے میں بدل دیا گیا ، قوم سے کہتا ہوں تیار ہو جائو ! نبی کی شان میں مر مٹیں گے ، ختم نبوت کے خلاف سوچ رکھنے والوں کا جینا مشکل کر دیں گے۔