شیخ رشید نے وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے

Sheikh Rasheed

Sheikh Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے وزارت عظمیٰ کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے ہیں۔

شیخ رشید احمد تحریک انصاف کے رہنما بابراعوان اور مرتضیٰ ستی کے ہمراہ قومی اسمبلی کے سیکرٹری کے دفتر حاضر ہوئے اور وزیراعظم کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی حاصل کیا۔

کاغذات نامزدگی حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے نامزد کرنے پر شکر گزار ہوں، (ق) لیگ کی بھی حمایت حاصل ہے تاہم اپوزیشن کے متفقہ امیدوار کے لئے حتمی فیصلہ خورشید شاہ کریں گے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ پاناما سے بڑا کیس حدیبیہ پیپرز ملز کا ہے اور اگر یہ کیس کھلا تو نواز شریف، شہباز شریف اور ان کے بچے سیاست سے ہی فارغ ہوجائیں گے جب کہ نواز شریف کے خلاف صرف اقامے کا کیس نہیں، 19 ریفرنسز نیب میں موجود ہیں اور نیب تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ کل کے اپوزیشن کے اجلاس میں وزارت عظمیٰ کے لئے متفقہ امیدوار سامنے آئے اور متفقہ امیدوار کے لئے بیٹھنے کو تیار ہوں۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے 28 جولائی کو نواز شریف کا وزارت عظمیٰ سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے شیخ رشید کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا تھا۔