اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو ہدایت کی ہے کہ ریلوے میں کرپشن اور چوری کے کیسز نیب کو بھجوائیں۔
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان ریلوے لائیو ٹریکنگ سسٹم اور تھل ایکسپریس کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی جس میں وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹرین کے ذریعے عام آدمی سفر کرتا ہے اور ٹریکنگ سسٹم سے ریلوے مسافروں کیلئے آسانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں 6 ماہ ہونے والے ہیں اور نئے پاکستان میں لوگوں کو غربت سے نکالنا چاہتے ہیں، پہلے سی پیک ایک سڑک اور چار پاور اسٹیشنوں کا نام تھا لیکن اب چین کے ساتھ متعدد شعبوں میں کام کریں گے۔
وزیراعظم کا وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ریلوے میں جو کرپشن اور چوری ہوئی اس کے کیسز نیب کو بھجوائیں۔
انہوں نے کہا کہ این آر او ون اور این آر او ٹو کے بعد کرپٹ لوگوں کا خوف ختم ہوگیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ماضی کی حکومت کے لئے گئے قرضوں کے باعث ہماری حکومت ایک دن کا سود 6 ارب روپے ادا کررہی ہے اور قرضوں کی قسط الگ دے رہیں ہیں، خزانے میں کچھ چھوڑ کر جاتیں تو حاجیوں کو مفت بھیج دیتے۔
وزیراعظم عمران خان نے شیخ رشید کو ہدایت دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ریلوے میں مزید خرچے کم کریں اور تمام وزارتوں کو کہا ہے کہ اپنے اخراجات کم کریں۔
انہوں نے کہا کہ گیس سیکٹر پر157 ارب روپے کے قرضے ہیں اور 50 ارب روپے کی سالانہ گیس کی چوری ہے لہٰذا گیس کی قیمتیں نہ بڑھاتے توگیس کمپنیاں بند ہوجاتیں۔
قبل ازیں تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے کمیشن کھانے کیلئے ایک ایک ارب روپے کی ایسی مشینیں خریدیں جو بے کار پڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ اور نارووال جیسے اسٹیشنوں پر غیر ضروری طور پر چالیس اور پچاس کروڑ روپے خرچ کیے گئے جب کہ ماضی میں 6 لاکھ روپے آمدن والے اسٹیشن پر 20 کروڑ روپے لگائے گئے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایک سال میں 10 ارب روپے کماکر دکھائیں گے اور آئندہ ماہ 2 وی وی آئی پی ٹرینیں چلائیں گے۔
دوسری جانب انچارچ ٹرین ٹریکنگ سسٹم مدثر زیدی کے مطابق مسافر ٹرینوں میں ٹریکنگ سسٹم نے کام شروع کردیا ہے جس سے معلوم کیا جاسکے گا ٹرین کس مقام پر موجود ہے اور منزل پر کب تک پہنچے گی۔
انچارچ ٹرین ٹریکنگ سسٹم کا مزید کہنا ہے کہ عوام چاہیں تو اپنے موبائل فون پر ٹرین کی آمد سے قبل کا الارم بھی لگا سکتے ہیں۔
تھل ایکسپریس راولپنڈی سے ملتان کیلئے چلائی گئی ہے جو مظفر گڑھ، بھکر، دریا خان اور میانوالی سے گزرے گی۔
تھل ایکسپریس ملتان اسٹیشن سے راولپنڈی کیلئے صبح 7 بجے روانہ ہوگی جب کہ راولپنڈی سے ملتان کیلئے بھی صبح 7 بجے چلائی جائے گی۔