لاہور (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ایک اور دعویٰ کر دیا، کہتے ہیں کہ بلوچستان سے نئی پارٹی آئے گی، ن لیگ سے بھی ایک آزاد گروپ نکلے گا، الیکشن 2018ء میں ہوئے تو نومبر سے پہلے نہیں ہو سکیں گے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے نئی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن 2018ء میں ہوئے تو نومبر سے پہلے نہیں ہو سکیں گے۔ ساٹھ سے نوے دن میں نگران سیٹ اپ کی نامزد گی کا کام مکمل نہیں ہو گا۔
انہوں نے مسلم لیگ ن میں مزید ٹوٹ پھوٹ کی بھی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سے نئی پارٹی آئے گی، مسلم لیگ ن سے بھی آزاد گروپ بنے گا۔ شیخ رشید نے یہ بھی کہہ دیا کہ چیف جسٹس سے آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے نگران حکومت کے حوالے سے درخواست کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ تب تک شفاف انتخابات نہیں ہو سکتے جب تک چیف جسٹس اپنی مرضی سے نگران سیٹ اپ نہ بنائیں، خورشید شاہ پر نگران سیٹ اپ کا معاملہ چھوڑنا غلط ہو گا۔ نواز شریف اور خورشید شاہ ایک ہی سکے کے دورخ ہیں، البتہ نواز شریف اور زرداری دو مختلف افراد ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چودھری نثار پہلے ہی لیٹ ہو چکے، اب ہاتھ آسمان کولگائیں یا پاؤں زمین پر رکھیں۔ انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز مجھ پر دو الفاظی حملے کر چکی ہیں، اب تیسری بار معاف نہیں کروں گا۔