شیخوپورہ (جیوڈیسک) شیخوپورہ میں مریدکے روڈ پر اسکول کے بچوں کی گاڑی الٹ گئی۔ چالیس بچے زخمی ہو گئے۔ حادثہ مرید کے روڈ پر دوپہر دو بجے کے قریب اُس وقت پیش آیا جب سکول سے چھٹی کے بعد پیٹر انجن گاڑی سوار بچے بچیاں ہنسی خوشی گھر واپس آ رہے تھے۔
بچوں سے بھری پیٹر انجن گاڑی جب سی کھم گاؤں کے قریب پہنچی تو دائیں طرف سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا کر چھوٹی نہر میں گر گئی۔ حادثے میں چالیس سے زیادہ بچے زخمی ہو گئے۔ انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال شیخوپورہ منتقل کر دیا گیا جہاں پر بعض بچوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ اسپتال میں ایسے مناظر تھے کہ ہر آنکھ اشکبار ہو گئی کمسن بچے بچیاں زخموں سے چور تھے کوئی بیڈ پر بے ہوش پڑا تھا تو کسی کو ڈرپ لگی ہوئی تھی۔
گاڑی کی حالت دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ سڑک پر لانے کے قابل بھی نہ تھی لیکن سکول جانے کے لئے کوئی اور ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے بچے اس پر سفر پر مجبور تھے۔ پیٹر گاڑی کی نہ تو کوئی رجسٹریشن ہوئی اور نہ ہی اس پر کوئی نمبر لگا تھا۔ پولیس کے مطابق ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔