شیخوپورہ: لوڈشیڈنگ کیخلاف دیہاتیوں کا ریل کی پٹڑی پر لیٹ کر مظاہرہ

Sheikhupura

Sheikhupura

شیخوپورہ میں بجلی کی بندش کے خلاف سینکڑوں دیہاتیوں نے شور کوٹ سے لاہور جانے والی ٹرین روک لی، ٹرین کے آگے لیٹ کر دو گھنٹے تک احتجاج کرتے رہے۔ شیخوپورہ کے علاقہ چیچو کی ملیاں میں ٹرانسفارمر جلنے کی وجہ سے آٹھ روز سے بجلی بند ہے جس پر سینکڑوں دیہاتیوں نے مشتعل ہوکر شور کوٹ سے لاہور جانے والی 208 ڈان پسنجر ٹرین ریلوے ٹریک پر زبردستی روک لی، مشتعل مظاہرین کی بڑی تعداد انجن پر چڑھ کر اور ریلوے ٹریک پرٹرین کے آگے لیٹ احتجاج کرتی رہی۔

مشتعل مظاہرین دو گھنٹے تک ریلوے لائن پر لیٹے رہے ،مظاہرین نے واپڈا حکام کے شدید نعرے بازی کی اور کہا کہ آٹھ روزسے ہزاروں کی آبادی میں بجلی نہیں ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکین پانی کی عدم دستیابی اور دیگر مسائل کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں،

مظاہرین کا کہنا تھا کہ واپڈا کا مقامی ایس ڈی او اوردیگرحکام ٹرانسفارمرکی مرمت کے لیے دو لاکھ روپے رشوت مانگ رہے ہیں، جو نہ دینے پرعلاقہ کی بجلی جان بوجھ کربحال نہیں کی جارہی، مظاہرین میں خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد بچوں کے ہمراہ ریلوے لائن پر دھرنا دیے بیٹھی رہی اور واپڈا حکام کے خلاف سراپا احتجاج بنی رہی، علاقہ مکینوں نے حکومت کو خبردارکیا ہے کہ ایک روز کے اندر انکی بجلی بحال نہ کی گئی تو وہ واپڈا ہائیڈرو پاور اسٹیشن چیچو کی ملیاں کا گھیرا کرنے پرمجبو رہو نگے۔