شیخوپورہ (جیوڈیسک) پنجاب کے شہر شیخوپورہ کے نزدیک مسافر ٹرین اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق حادثہ پیر اور منگل کی درمیانی شب لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کو شیخوپورہ کے معروف تفریحی مقام ہرن مینار کے نزدیک پیش آیا۔
حکام نے حادثے کی وجوہات سے متعلق متضاد دعوے کیے ہیں۔
علاقہ پولیس کے مطابق حادثہ ریلوے کراسنگ کا پھاٹک کھلا ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ تاہم شیخوپورہ کے ڈپٹی کمشنر نے مقامی ٹی وی چینلز کو بتایا ہے کہ آئل ٹینکر کا ایکسل عین ریلوے لائن کے درمیان ٹوٹ گیا تھا جس کے باعث ٹینکر کا ڈرائیور اسے وہیں چھوڑ کر لوگوں سے مدد لینے گیا تھا کہ اسی دوران ٹرین پہنچ گئی۔
تصادم کے بعد مسافر ٹرین کے انجن اور کم از کم چار بوگیوں میں آگ لگ گئی تھی جسے کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد بجھا دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ٹرین کا ڈرائیور عبداللطیف اور اسسٹنٹ ڈرائیور عبدالحمید شامل ہیں۔ واقعے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے لاہور منتقل کیا گیا ہے۔