شدید دھند نے زندگی پھر دھندلا دی، پروازوں کا سلسلہ معطل

Fog

Fog

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب میں شدید دھند کا سلسلہ جاری ہے پیر کی دوپہر سورج نے منہ دکھایا تو دھوئیں کے بادل چھٹنے کی امید بندھی لیکن شام ڈھلتے ہی سب کچھ پھر دھند میں چھپ گیا۔ آسمان تو اوجھل ہوا ہی زمینی راستے بھی گم ہو گئے۔ حد نظر انتہائی کم ہونے کے بعد لاہور ایئرپورٹ سے فلائیٹ آپریشن معطل کر دیا گیا۔

ایئرپورٹ اور گردونواح میں منگل کی صبح بارہ بجے تک شدید دھند برقرار رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب ٹرینوں کی آمدو رفت کا شیڈول بھی درہم برہم ہے۔ موٹروے پر لاہور سے شیخوپورہ اور شیخوپورہ سے خانقاہ ڈوگراں تک بھی حد نظر نہ ہونے کے برابر ہے۔ بڑی گاڑیوں کا داخلہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے دھند کا سلسلہ مزید کئی روز جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے کئی علاقوں میں کہر پڑنے کا بھی امکان ہے۔