شیخوپورہ (جیوڈیسک) شیخوپورہ میں جنڈیالہ شیر خان روڈ پر زہریلا کھانا کھانے سے بے ہوش ہونے والے میاں بیوی اسپتال میں دم توڑ گئے۔ بیٹا اور بیٹی سول اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جہاں ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اہلِ خانہ کے مطابق حکیم مزمل اپنے گھر پر ادویات تیار کرتے تھے۔
انہوں نےایک دیگچی میں دوا تیارکی ،جس کے بعد گھروالوں نےاسی دیگچی میں چاول پکا کر کھا لئے۔ چاول کھاتے ہی حکیم مزمل، ان کی اہلیہ نازیہ ، بیٹے مدثر اور بیٹی فاطمہ کی حالت غیر ہو گئی۔ ریسکیو حکام نے چاروں کو سول اسپتال منتقل کیا۔
جہاں سے تشویش ناک حالت میں حکیم مزمل اور ان کی اہلیہ کو میواسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔تاہم دونوں میاں بیوی جاں بر نہ ہو سکے۔ مدثراور فاطمہ سول اسپتال شیخوپورہ میں زیرِ علاج ہیں، جہاں ڈاکٹر ان کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔