کھٹمنڈو (اصل میڈیا ڈیسک) نیپال کی عدالت کے حکم پر صدر بیدیا دیوی بھنڈاری نے آئین کے آرٹیکل 76 (5) کے تحت اختیار استعمال کرتے ہوئے کانگریس کے صدر شیر بہادر دیوبا کو وزیر اعظم مقرر کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیپالی کانگریس کے صدر شیر بہادر دیوبا پانچویں بار ملک کے وزیر اعظم بن گئے۔ نیپال کے صدر بیدیا دیوی بھنڈاری نے 72 سالہ شیر بہادر کو آئین کے آرٹیکل 76 (5) کے تحت ملک کا نیا وزیراعظم مقرر کیا۔
گزشتہ روز ہی ملک کی سپریم کورٹ نے کئی عرصے سے سیاسی بحران کے شکار وزیراعظم شرما اولیٰ کی جانب سے 21 مئی کو پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے دیا تھا اور اکثریت ثابت نہ کرنے پر وزیراعظم شرما اولیٰ کو عہدہ چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے صدر بیدیا دیوی بھنڈاری کو نئے وزیراعظم کے لیے منجھے ہوئے سیاست دان اور ملک کے چار بار وزیراعظم رہنے والے شیر بہادر کا نام تجویز کیا تھا تاہم فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ حلف برداری کی تقریب کب ہوگی۔
ملک کے نئے وزیراعظم کو حلف برداری کے بعد ایک ماہ کے اندر ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا شیر بہادر دیویا اس سے قبل 1995 سے 1997، 2001 سے 2002، 2004 سے 2005 اور 2017 سے 2018 تک ملک کے وزیراعظم رہے تھے۔