لاہور (پ ر) امامیہ چیف اسکائوٹس توقیر مہدی نے اسکائوٹس ہیڈ کوارٹر لاہورمیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امسال بھی آئی ایس او پاکستان کے شعبہ اسکائوٹنگ کے زیر اہتمام بھمبروٹ سیداں مری میں سالانہ مرکزی اسکائوٹنگ کیمپ کا آغاز 27 جولائی سے ہو گا جو 7اگست تک جاری رہے گا، جس میں ملک بھر سے سینکڑوں امامیہ اسکائوٹس شریک ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیمپ میں اسکائوٹس، علما کرام، ٹیکنوکریٹس، سینئرز اور مرکزی عہدیدران کی کثیر تعداد بھی شرکت کرے گی۔
کیمپ کے انعقاد کا مقصد معاشرے میں اقدار اسلامی کو فروغ دینا ہے تاکہ معاشرے میں بہترین افراد اپنا کلیدی کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسکائوٹنگ کیمپ کے انعقاد سے طلبا کو جسمانی ورزش کی اہمیت سے روشناس کروانا ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے رونما ہونے پر ابتدائی طبی امداد اور دیگر سکائوٹس تربیت کے علاوہ تنظیمی شعبہ جاتی امور کی انجام دہی سے متعلق معلومات کی فراہمی ہے۔ توقیر مہدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے استحکام اور تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور امن کا پیغام لیکر اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلئے کام کریں گے۔