شکارپور (جیوڈیسک) شکار پور کے علاقے لکھی در کی امام بارگاہ میں دھماکے سے جمعے کی نماز کے لیے آئے بچوں سمیت 58 افراد جاں بحق اور 39 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو چِنگ چی رکشوں اور ٹھیلوں پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ دہشت گردوں کا ایک اور بزدلانہ حملہ، شکار پور میں آج فضا سوگوار ہے۔ کئی خاندان اپنے پیاروں سے محروم ہو گئے۔ گذشتہ روز شکارپور کے علاقے لکھی در کی مسجد اور امام بارگاہ کربلائے معلیٰ میں نماز جمعہ کا خطبہ جاری تھا کہ اچانک دھماکا ہو گیا۔
دھماکے میں معصوم بچوں سمیت درجنوں افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوئے۔ دھماکے کے فوری بعد نمازیوں نے خود زخمیوں کو سول اسپتال شکارپور، چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ اور سکھر کے نجی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ 14 شدید زخمیوں کو پاک فضائیہ کے طیارے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے کراچی کے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایس ایس پی شکارپور ثاقب اسماعیل میمن کا بھی کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق امام بارگاہ میں ہونے والا دھما کا خود کُش تھا۔