شکار پور (جیوڈیسک) شکارپور میں پیپلز پارٹی کے ایم پی اے میر عابد بھیو کے دو گھروں کا رینجرز کی جانب سے محاصرہ کر لیا گیا۔ محاصرے کے دوران ایم پی اے میر عابد اپنے بھائی کے ہمراہ کئی گھنٹوں تک محصور رہے۔
شکار پور میں پیپلز پارٹی کے ایم پی اے عابد بھیو کی رہائشگاہ کا رینجرز نے گزشتہ شام 6 بجے محاصرہ کیا۔ رینجرز نے جادن میں واقع ان کے آبائی گھر کو بھی گھیرے میں لیا۔ عابد بھیو اور ان کے بھائی پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر میر بابل بھیو شکار پور میں واقع گھر میں محصور رہے۔
محاصرہ رات گئے تک جاری رہا۔ ذرائع کے مطابق ایم پی اے عابد بھیو کے گھروں کا محاصرہ کراچی اور حیدر آباد سے مختلف واقعات میں اغوا ہونے والے افراد کی بازیابی کے لئے دباوٴ ڈالنے کے لئے کیا گیا۔ اس دوران 40 افراد کو بھی تفتیش کے لئے حراست میں لیا گیا۔