کراچی (جیوڈیسک) سی آئی ڈی پولیس کا کہنا ہے کہ شکارپور امام بارگاہ کے حملہ آور کی عمر پچیس سے تیس سال تھی، اس نے خود کش جیکٹ پہن رکھی تھی۔
دہشت گرد کا ڈی این اے اور نادرا سے ریکارڈ چیک کرایا جائے گا، اس سے پہلے پولیس بھی حملہ خود کش قرار دے چکی ہے۔ سانحہ شکار پور کے بعد حادثے کی جگہ سے سی آئی ڈی ٹیم نے انچارج عمر خطاب اور مظہر مشوانی کی سربراہی میں شواہد اکٹھے کئے۔
راجا عمر خطاب کے مطابق حملہ آور کی عمر اکیس سال تھی۔ جائے حادثہ سے دہشت گرد کے سیدھے ہاتھ کی چار انگلیاں اور ایک ٹانگ بھی ملی ہے۔ ٹیم دہشت گرد کے اعضا اور دیگر شواہد لے کر شام تک کراچی پہنچ جائے گی۔
انچارج سی آئی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کا ڈی این اے اور نادرا سے ریکارڈ چیک کرایا جائے گا۔ پولیس تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق امام بارگاہ کربلا معلیٰ میں ہونے والا دھماکا خود کش تھا۔
حملہ آور نے خود کو مریض ظاہر کیا اور دم کرانے کے بہانے خاتون کے ہمراہ اندر داخل ہونے میں کامیاب رہا۔ رپورٹ کے مطابق دھماکے سے بتیس میٹر تک تباہی پھیلی۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق ایک بج کر پچاس منٹ پر ہونے والے دھماکے میں آر ڈی ایس اور سی فور استعمال کیا گیا۔