شکار پور اور سجاول میں چار افراد فائرنگ سے ہلاک

Sujawal

Sujawal

سجاول (جیوڈیسک) شکار پور اور سجاول میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شکار پور میں نیو فوجداری تھانے کی حدود گائوں اچھی مسیت کے پاس سندرانی قبیلے کے دو گروہوں میں کارو کاری کے پرانے تنازع پر مسلح افراد نے ٹنڈو مستی کے رہائشی 70 سالہ سیوو ولد غلام محمد سندرانی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کرکے فرار ہونے والوں پر کی جانے والی جوابی فائرنگ سے 30 سالہ اسماعیل ولد فتح محمد سندرانی موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

دریں اثنا فائرنگ کے ایک اور واقعے میں تھانہ مدئجی کے نواحی گائوں آچر سدھایو میں سدھایو اور ڈاھانی قبیلوں کے دو گروہوں میں تصادم کے نتیجے میں سدھایو قبیلے کا ایک شخص محمد نواز سدھایو ہلاک ہوگیا۔ زمین کے دیرینہ تنازع پر اب تک دونوں گروپوں کے 26 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں بدھ کے روز مغرب کے بعد سجاول کے نیو ٹاؤن ایریا میں واقع سندھ بینک کے گارڈ پچیس سالہ مجیب اللہ ولد حبیب اللہ بھان کو نامعلوم شخص نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ زخمی نوجوان اسپتال پہنچنے سے قبل دم توڑ گیا۔