ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کی نامور اداکارہ شلپا شیٹھی کو سڈنی کے ایئرپورٹ پر نسل پرستی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
شلپا شیٹھی نے انسٹا گرام پر تصویر پوسٹ کی اور اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے متعلق بتایا کہ وہ سڈنی سے کنٹاس ایئرویز کے ذریعے میلبرن جارہی تھیں اُس دوران انہیں تعصب کا سامنا کرنا پڑا، ایئرپورٹ پر جب وہ اپنا بیگ چیک کرانے کاؤنٹر پر گئیں تو وہاں موجود بد مزاج خاتون نے اُن کے ساتھ جارحانہ اور غیر ضروری رویہ اپنایا۔
شلپا نے بتایا کہ اس خاتون نے اپنے منفی رویے کی وجہ سے میرا بیگ چیک کرنے سے انکار کردیا اور بڑے بیگ والے کاؤنٹر پر جانے کا کہا جب کہ میرا بیگ حقیقت میں آدھا خالی تھا اور ہمیں جس کاؤنٹر پر جانے کا کہا وہ کاؤنٹر 5 منٹ میں بند ہونے والا تھا تاہم ہم بغیر کوئی وقت ضائع کیے دوسرے کاؤنٹر پر پہنچ گئے اور وہاں موجود اسٹاف سے بیگ جلد چیک کرنے کی درخواست کی اور انہیں اُن کے اسٹاف کے رویئے سے بھی آگاہ کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ میرے ساتھ موجود ایک ساتھی نے بھی اس اسٹاف کو بتایا کہ شلپا کا بیگ آدھا خالی ہے پھر کیوں انہیں بھاری بھرکم والے بیگ کاؤنٹر پر بھیجا گیا؟ جب کہ ساتھ ہی شلپا نے پوسٹ کی گئی تصویر پر مداحوں سے پوچھا کہ کیا میرا بیگ حد سے بڑا ہے۔
شلپا شیٹھی نے کہا کہ میں ایئرپورٹ انتظامیہ سے درخواست کرنا چاہوں گی کہ وہ اپنے اسٹاف کو سکھائیں کہ لوگوں کے لیے مددگار ثابت ہوں ناکہ نسل اور رنگ کی بنیاد پر تعصب کا اظہار کریں۔