اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے ٹھٹھہ کے شیرازی خاندان کے رکن سندھ اسمبلی سمیت سیاسی کارکنوں کے خلاف 60 ایف آئی آرز کے اندراج پر سندھ ہائیکورٹ کو ہدایت کی ہے کہ ا س بارے میں درخواستیں 3 ہفتوں میں نمٹائی جائیں۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے شیرازی خاندان اور ٹھٹھہ میں ان کے تین ہزار سے زائد سیاسی کارکنوں کے خلاف سندھ پولیس کی تقریبا 60 ایف آئی آرز کے اندراج کے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کو ایف آئی آرز کے خلاف دائر درخواستوں کو تین ہفتوں کے اندر نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے آئی جی سندھ کو حکم دیا ہے کہ ایف آئی آرز کی تحقیقات کے لیے ایماندار افسر مقرر کیا جائے اور کسی کو ہراساں نہ کیا جائے۔