شٹ ڈان کب ختم ہوگا، کچھ نہیں کہہ سکتے : جان بوینر

John Byner

John Byner

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان کے سپیکر جان بوینر کا کہنا ہے کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ شٹ ڈان کب ختم ہوگا لیکن یہ صدر اوباما کے صوابدید پر ہے کہ وہ ریپبلکنز کے ساتھ بیٹھیں اور اس سلسلے میں مذاکرات کریں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کے سپیکر جان بوینر نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریپبلکنز حکومت کا کاروبار چلانے کے معاملے پر بات چیت کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں۔

کہ اس بات کا تعین کیا جائے کہ امریکا اپنے بلوں کی ادائیگی کیونکر ممکن بنائے گا۔ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ شٹ ڈان کب ختم ہوگا لیکن سپیکر بونیر کے بقول یہ صدر اوباما کے صوابدید پر ہے کہ وہ ریپبلکنز کے ساتھ بیٹھیں اور اس سلسلے میں مذاکرات کریں۔ سپیکر جان بونیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کے قرضوں کی شرح میں اضافے کے لئے ووٹنگ اس وقت تک نہیں کرائی جائے گی۔

جب تک کہ اوباما حکومت ریپبلکنز کے ساتھ حکومتی اخراجات کے حوالے سے ریپبلکنز کے خدشات کو دور نہیں کرتی۔ واضع رہے کہ ری پبلیکنز ہیلتھ کیئر اصلاحات کے مخالف ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ اس پروگرام کے لئے مختص فنڈنگ کو ختم کیا جائے یا پھر اس میں تاخیر کی جائے۔ اسی لئے ریپبلکنز اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ وہ صرف اسی صورت میں شٹ ڈان ختم کرنے کی منظوری دیں گے جب صدر اوباما اور ڈیمو کریٹک رہنما ”اوباما کئیر” کے حوالے سے مذاکرات کریں گے۔

واضع رہے کہ امریکی حکومت کا کاروبار جزوی طور پر بند ہوئے آج چھٹا دِن ہے۔ 17 اکتوبر کے بعد ادائیگیوں کے حوالے سے حکومت کو رقوم کی کمی کا سامنا ہے جس میں چین، جاپان اور دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کی تحویل میں حکومتی بانڈز پر واجب الادا سود کی رقم بھی شامل ہے۔ صدر اوباما کا کہنا ہے کہ وہ اوباما کئیر اور حکومتی اخراجات میں کمی کے حوالے سے بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن یہ بات چیت اس وقت تک نہیں ہو سکتی جب تک کہ کانگریس بغیر کسی شرائط کے شٹ ڈان ختم کرنے اور قرضوں کی شرح بڑھانے پر آمادگی ظاہر نہیں کرتی۔