کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی میں مسلم لیگ فنکشنل کی رکن نصرت سحرعباسی نے کہاہے کہ قانون سازی پر اپوزیشن کا اعتماد میں نہ لینا پیپلزپارٹی کا وطیرہ ہے، اسپیکر غیرجانبدار ہوتا ہے، شہلارضا کی جانبدارانہ رولنگ تاریخ کا حصہ بن گئی ہے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے نصرت سحر عباسی نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ اپوزیشن کو اعتماد میں لیے بغیر قانون سازی کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ عدالتیں اسے کالعدم کر دیتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سندھ اسمبلی میں ایسی کوئی مثال نہیں کہ جب کسی خاتون رکن کو ایوان سے باہر نکالنے کی رولنگ دی گئی ہو، شہلارضا دائیں اوربائیں بازو کی بنیاد پر ایوان کو چلا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 20 منٹ میں 7 بلوں کا اپوزیشن کو اعتماد میں لیے بغیر منظور ہونا سوالیہ نشان ہے۔ ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہارالحسن نے کہاکہ اپوزیشن کی غیرحاضری کا پورا فائدہ اٹھایا، پیپلزپارٹی کی روایت رہی ہے کہ وہ یکطرفہ قانون سازی کرتی ہے۔