کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں پولیس افسر شفیق تنولی پر قاتلانہ حملے کی ابتدائی تحقیقات سامنے آ گئیں، ایس ایچ او ماڑی پور پر خودکش حملہ کیا گیا، حملہ آور کی شناخت کر لی گئی۔
پولیس کے مطابق مبینہ خود کش حملہ آور جمیل کی شناخت کر لی گئی ہے، جمیل نے چار روز پہلے شفیق تنولی کے گھر کے قریب مرغی کی دکان پر کام شروع کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ خودکش حملہ آور پرانی سبزی منڈی کے علاقے کا رہائشی تھا۔ ہلاک ہونے والے خودکش حملہ آور کے گھر والوں سے بھی تفتیش شروع کر دی گئی، پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کا چیسز نمبر مٹا ہوا ہے۔
واقعہ میں زخمی ہونے والے تمام افراد سے تفتیش کی جائے گی، بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں چار سے پانچ کلو گرام بارودی مواد اور نٹ بولٹ استعمال کیے گئے۔
حکام نے حتمی رپورٹ مرتب کرنے اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لئے مختلف نمونوں کی فرانزک جانچ کرانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
شفیق تنولی نے ابتدائی بیان ریکارڈ کرا دیا ہے جس کے مطابق دھماکے سے پہلے حملہ آور کی موٹر سائیکل پھسل گئی تھی، موٹر سائیکل پھسلتے ہی حملہ آور موٹر سائیکل سے کود گیا اور موٹر سائیکل گاڑی سے ٹکراتے ہی دھماکے سے پھٹ گئی تھی۔