ایس ایچ او تھانہ مصطفی آباد طارق بشیر چیمہ کا پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈائون

مصطفی آباد/للیانی: ایس ایچ او تھانہ مصطفی آباد طارق بشیر چیمہ کا پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈائون، پتنگ فروخت کرنے والے پانچ افراد جبکہ 15پتنگ باز گرفتار، پتنگ بازی پر پنجاب حکومت کی طرف سے پابندی ہے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

طارق بشیر چیمہ کی صحافیوں سے گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او قصور جواد قمر کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ مصطفی آباد طارق بشیر چیمہ نے پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈائون میں مصطفی آباد میں پتنگ فروخت کرنے والے پتنگ کا کاروبار کرنے والے محلہ باغیچی سے محمد نعیم،دفتوہ روڈ سے عدنان سلامت، امیر کالونی سے عامر علی،محلہ آرائیاں والا سے فریاد ، غربی بستی سے اویس کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے ہزاروں گڈیاں بر آمد کرکے مقدمہ درج کر لیا۔

جبکہ فیروز پور روڈ، امیر کالونی، محلہ ملکاں والا، محلہ گجراں والا، محلہ باغیچی، شیل پمپ ودیگر مقامات پر پتنگ بازی کرنے والے 15افراد کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ مصطفی آباد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے پتنگ بازی پر مکمل پابندی ہے، پتنگ کا کاروبار کرنے والے اور پتنگ بازی کرنے والے افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

پتنگ بازی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہوتا ہے اس لئے ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ پتنگ بازی سے روکنے کیلئے مساجد میں اعلانات اور بینرز آویزاں کے گئے ہیں ۔ اگر اب بھی کسی شہری نے پتنگ بازی کی تو معاف نہیں کیا جائے گا۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ میری اولین ترجیح ہے۔