ایس ایچ او تھانہ صدر چکوال چوہدری اثر علی اور دیگر ارکان پر مشتمل ٹیم نے ڈھڈیال سے منشیات کی بھاری مقدار برآمد کرلی

چکوال: ڈی پی او چکوال کی خصوصی ہدایات پر منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ڈی ایس پی صدر جاوید امجد ڈوگر ایس ایچ او ڈھڈیال فیصل منظور، ایس ایچ او تھانہ صدر چکوال چوہدری اثر علی اور دیگر ارکان پر مشتمل ٹیم نے ڈھڈیال سے منشیات کی بھاری مقدار برآمد کرلی، ایک گرفتار جبکہ باقی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک کار میں بھاری مقدار میں منشیات سمگل کی جارہی ہے جس پر پولیس نے سانگ اڈے کے قریب ناکہ بندی کرلی۔ناکہ پر کار نمبر LEC 6302 کو رکنے کا اشارہ کیا مگر ڈرائیور نے گاڑی بھگا لی۔ جس پر پولیس نے گاڑی کو خطرناک جانتے ہوئے فائرنگ کردی جس پر ڈرائیور اور اسکے ساتھ موجود مدثر نامی بدنام زمانہ شخص گاڑی چھوڑ کر بھاگ گئے۔تلاشی پر گاڑی سے پانچ کلو چرس اور ڈگی سے 917 کپی شراب برآمد کی گئی جوکہ جاتلی سپلائی کی جارہی تھی۔

بعد ازاں پولیس نے مدثر کے اڈے پر چھاپہ مارا، وہاں سے بھاری مقدار میں شراب دو کلاشنکوف، بڑی تعداد میں روند، دو موزر اور پانچ ہزار نقدی جو دس دس روپے والے نوٹوں پر مشتمل تھی برآمد کرلی ۔پولیس نے ایک ملزم نمبردار گلزار ولد سلطان خان کو گرفتار کرلیا جبکہ دو افراد فاروق اور سجاد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ڈی ایس پی جاوید امجد ڈوگر نے تھانہ ڈھڈیال میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران سب کو تمام کاروائی سے آگاہ کیا اور اس کاروائی میں حصہ لینے والے نوجوانوں کو نقد انعام اور تعریفی سرٹفیکیٹ دلوانے کا اعلان کیا۔ ملزم گلزار حسین کو حوالات روانہ کردیا گیا۔