کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے تنقید نہیں بلکہ ذاتی حملے کیے۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے 4 میچز میں معطلی کی سزا کے بعد جنوبی افریقا سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
کراچی پہنچنے پر ان کا کہنا تھا کہ میں نے جو غلطی کی اور اس کو تسلیم بھی کیا جس کی سزا مل گئی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ کہ اس نے معاملہ کو ٹھیک طرح سے سنبھالا۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کا فیصلہ سب کے سامنے ہے ایک میچ کے لیے جنوبی افریقا میں رکنے سے کوئی فرق نہیں پڑنا تھا، اچھا ہے کہ پاکستان سپر لیگ سے پہلے آرام مل جائے گا۔
سابق کرکٹر شعیب ملک کی جانب سے تنقید پر ان کا کہنا تھا کہ شعیب اختر نے تنقید نہیں بلکہ ذاتی حملے کیے۔
یاد رہے کہ سرفراز احمد کی جانب سے جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے میچ میں نسلی تعصب پر مبنی جملے کسے تھے جس پر شعیب اختر نے جیو نیوز کے پروگرام ‘نیا پاکستان’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرفراز بہت سستے میں چھوٹ گئے ہیں، میر ی اطلاع کے مطابق ان پر دس میچز کیلئے پابندی عائد کی جارہی تھی اور تین ماہ کے لیے پابندی بھی لگائی جا سکتی تھی۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں سرفراز احمد نے جنوبی افریقا کے سیاہ فام کھلاڑی اینڈائل فیلوک وائیو کو نسلی تعصب پر مبنی جملہ کہا تھا جو انہوں نے سنا بھی نہیں۔
سرفراز احمد نے اپنے جملے پر کھلاڑی سے معافی مانگی اور انہیں اینڈوائل فیلوک وایو نے معاف بھی کیا تاہم اس کے باوجود آئی سی سی نے کپتان سرفراز احمد پر 4 میچز کی پابندی لگائی جس کے بعد انہیں وطن واپس بلالیا ہے۔