کراچی (جیوڈیسک) مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران ٹیکسٹائل واسپننگ ملز کی روئی کی خریداری میں عدم دلچسپی کے باعث روئی کی قیمت میں مندی کا غلبہ رہا۔
گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کی قیمتوں میں 100 تا 150 روپے فی من کی کمی واقع ہوئی جبکہ کاروباری حجم بھی انتہائی کم رہا۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے بھی اسپاٹ ریٹ میں فی من 100روپے کی کمی کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 5200کی قیمت پربند کیا۔ صوبہ سندھ اور پنجاب میں روئی کی قیمت کوالٹی کے مطابق 4500 تا 5400 روپے رہی۔ پھٹی جوقلیل مقدارمیں دستیاب ہے، اس کی قیمت فی 40کلو 1600 تا 2700روپے رہی۔
کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی کپاس کاٹن یارن اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی مانگ اور قیمت میں سرد بازاری کے زیر اثر مقامی کاٹن یارن اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی منڈیوں میں سست روی رہی۔
اس سال ملک میں کپاس کی پیداوارمیں 34 فیصد کی غیرمعمولی کمی کے باوجود کپاس اوراس کی بناوٹوں کی قیمتوں میں اضافے کے بجائے کمی واقع ہورہی ہے جس کے باعث اس کاروبارسے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرزاضطراب کاشکارہیں۔ نسیم عثمان کے مطابق آئندہ سیزن کیلیے کپاس کی بوائی جزوی طورپرشروع ہوگئی ہے، گزشتہ سال کے نسبت دلچسپی کم ہے۔