اسلام آباد(جیو ڈیسک)اسلام آباد بجلی کا شارٹ فال بھی سات ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا۔ملک بھر میں بیس سے بائیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ اور سخت گرمی نے عوام کی چیخیں نکال دیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ پیداوار مزید کم ہونے سے ملک میں بریک ڈان کا خدشہ ہے۔وزارت پانی و بجلی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار نو ہزار پانچ سو میگا واٹ جبکہ طلب سولہ ہزار پانچ سو میگا واٹ ہے۔
گزشتہ روز فنی خرابی کے باعث گدو پاور اسٹیشن ٹرپ کر جانے سے تیرہ سو میگا واٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی۔ گدو پاور سٹیشن کی فنی خرابی تا حال ٹھیک نہیں کی گئی۔بجلی کا شارٹ فال سات ہزار میگا واٹ تک پہنچ چکا ہے۔ سخت گرمی اور طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کو سخت اذیت سے دوچار کر دیا ہے۔ وزارت پانی و بجلی کے حکام کا کہنا ہے کہ پیداوار مزید کم ہونے سے پورے ملک میں بریک ڈان کا خدشہ ہے۔
لاہور کے بیشتر علاقوں میں رات دس بجے سے بجلی نہیں آئی۔ ماڈل ٹان، اقبال ٹان، جوہر ٹان، رنگ محل گڑھی شاہو، گلشن راوی ، باٹا پور اور اسلام پورہ، ساندہ میں 8 گھنٹے سے بجلی غائب ہے پانی بھی نہیں آرہا۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو رات دہرے عذاب میں گذارنا پڑی ۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔