کراچی (جیوڈیسک) فنون لطیفہ کا شعبہ جہاں لوگوں کوانٹرٹین کرتاہے وہیں اس شعبے سے وابستہ شخصیات کی یہ اولین ذمہ داری بھی ہوتی ہے کہ وہ اپنے ڈراموں، فلموں اور دیگر پروگراموں کے ذریعے ناصرف اہم معاشرتی مسائل کو اجا گر کریں ، بلکہ لوگوں کوان کے حقوق سے آگاہ بھی کریں۔ پاکستان میں بھی فنون لطیفہ کے شعبوں کے ذریعے اہم مسائل کو اجاگرکئے جانے کا سلسلہ بہت پرانا ہے۔
فلموں، ٹی وی سیریلزاورسٹیج ڈراموں کے ذریعے بہت سے اہم ایشوز کاسامنے لایا جا رہا ہے اوراس کے ساتھ ان مسائل کوکم کرنے کیلئے بہترین تجاویز تفریح کے ساتھ لوگوں تک پہنچائی جارہی ہیں۔ یہی نہیں ہمارے ملک کے بہت سے فنکارتوعملی طورپرفلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کرحصہ بھی لے رہے ہیں۔
اس حوالے سے ہمارے ملک کی باصلاحیت اداکارہ وماڈل عمائمہ ملک کی کاوشیں بھی بہت اہمیت کی حامل ہیں۔ مختصرعرصے میں بہت سی کامیابیاں سمیٹنے والی عمائمہ ملک نے بہترین اداکاری کے ایوارڈزجیتنے کے بعد مختلف انٹر نیشنل برانڈز نے انہیں پاکستان میں اپنااعزازی سفیر مقرر کیا ہے حال ہی میں انہیں ’’ یواین او‘‘ نے پاکستان میں ورلڈوائلڈ فیڈریشن (ڈبلیوڈبلیو ایف ) کا سفیر مقرر کیا ہے۔
عمائمہ ملک کی مقبولیت اورکامیابیوں کے بل پرجہاں انہیں یہ اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے ، وہیں وہ پہلی پاکستانی اداکارہ بھی بن گئی ہے جنہیں خاص طورپر’’ سندھ اسمبلی ‘‘ میں خطاب کی دعوت دی گئی تھی۔ اس موقع پرعمائمہ ملک نے بطوراعزازی سفیر’’ ڈبلیوڈبلیوایف ‘‘ خطاب کرتے ہوئے ماحولیات اورجانوروں کے حوالے سے درپیش مسائل پرروشنی ڈالی اورانرجی کرائسسزسے نبٹنے کیلئے اپنی تجاویزبھی پیش کیں۔