لاہور (جیوڈیسک) ملک میں بجلی کا شارٹ فال چار ہزار آٹھ سو میگا واٹ ہوگیا ، راولپنڈی اسلام آباد میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ، دیگر شہروں میں چودہ جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ اٹھارہ گھنٹے تک پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار چودہ ہزار آٹھ سو میگا واٹ ہے جبکہ طلب انیس ہزار چھ سو میگا واٹ ہو گئی۔ طلب میں اضافے کے ساتھ شارٹ فال بڑھ کر چار ہزار آٹھ سو میگا واٹ ہو گیا ہے۔
راولپنڈی اسلام آباد میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کیلئے جبکہ دیگر شہروں میں چودہ سے سولہ گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ سولہ سے اٹھارہ گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔ راولپنڈی کے علاقے گرجا روڈ پر محلہ قریشی آباد میں گزشتہ پچاس گھنٹے سے بجلی غائب ہے۔
شدید گرمی ، حبس اور بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پیر کو علاقے کا ٹرانسفارمر خراب ہوا تھا تاحال بجلی بحال نہیں کی جا سکی تین روز سے بجلی کی بندش کے باعث علاقے میں پانی کی بھی قلت پیدا ہو گئی ہے۔
حکام نہ فون اٹھاتے ہیں ناں ہی دفتر میں موجود ہوتے ہیں۔لاہور میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے ، نواحی علاقہ لیاقت آباد اور محمدی کالونی میں کم وولٹج اور ٹرپنگ معمول بن گئی ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کم وولٹج سے برقی آلات خراب ہو رہے ہیں جس پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔