راجن پور (جیوڈیسک) غلام رسول عرف چھوٹو اور اس کے گینگ کے خلاف آپریشن 21 ویں روز بھی جاری ہے اور پاک فوج نے پیش قدمی کرتے ہوئے کچے کے تمام داخلی اور خارجہ راستوں کو سیل کردیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راجن پور کے کچے کے علاقے میں پاک فوج کے اہلکار چھوٹو گینگ کے خلاف پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں اور انہیں پولیس اور رینجرز کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ علاقے میں صبح 7 بجے سے 9 بجکے تک کرفیو میں نرمی کی گئی تھی جس کے بعد ایک مرتبہ پھر کرفیو نافذ کردیا گیا ہے جب کہ دوپہر ایک سے 2 اور شام 5 سے 6 بجے کے درمیان بھی کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ کرفیو میں نرمی کے دوران مقامی افراد اپنے کھیتوں کا کام کرتے ہیں اور پھر دوبارہ اپنے اپنے ٹھکانون پر چلے جاتے ہیں۔
پاک فوج کے کچے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر سیل اور دریا میں کشتی چلانے پربھی پابندی لگادی گئی ہے جب کہ ڈرون اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے چھوٹو گینگ کی نگرانی کی جارہی ہے۔ کسی بھی ناخشگوار واقعے کی صورت میں رحیم یارخان ، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پولیس نے چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا تاہم 7 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت اور کئی کے یر غمال بنائے جانے کے بعد اس کارروائی میں پاک فوج کو شامل کیا گیا ۔