ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی بہن حسینہ پارکر کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔
بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور نے فلمی کیرئیر کا آغاز 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’تین پتی‘‘ سے کیا لیکن انہیں شہرت فلم ’’عاشقی 2‘‘ سے ملی جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑکر نہیں دیکھا اور یکے بعد دیگرے کئی بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ اپنی منفرد اداکاری کے باعث ہدایتکاروں کو متاثر کرکے کئی فلموں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی ہیں تاہم اب انہوں دبنگ گرل سوناکشی سنہا کو بھی فلم سے آؤٹ کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ ہدایتکار اپوروا لاکھیا نے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی بہن حسینہ پارکر کی زندگی پر بننے والی فلم کے لیے اداکارہ سوناکشی سنہا کو مرکزی کردار کی پیشکش کی تھی تاہم اداکارہ کی جانب سے انکار کے بعد فلم میں نوجوان اداکارہ شردھا کپور کو کاسٹ کرلیا گیا ہے جس کے بعد وہ فلم میں ایک نئے روپ میں نظر آئیں گی جب کہ اداکارہ فلم میں پہلی بار 20 سالہ نوجوان لڑکی سے 60 سالہ بوڑھی خاتون تک کا کردار نبھاتے نظر آئیں گی جو ان کے لیے نہایت مشکل تجربہ ہوگا۔
واضح رہے کہ اداکارہ شردھا کپور اپنی فلموں ’’روک آن 2‘‘ اور ’’اوکے جانو‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔