درگاہ مکی شاہ اصحابی پر منشیات فروشی کے خلاف احتجاج

Protests

Protests

حیدرآباد (جیوڈیسک) درگاہ مکی شاہ اصحابی پر منشیات فروشوں کے قبضے کی کوشش اور خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے واقعات کیخلاف شاہ فیصل کالونی کے مکینوں نے عورتوں اور بچوں کے ہمراہ حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین منشیات فروشوں اور درگاہ کا ماحول خراب کرنے والے عناصر کیخلاف نعرے بازی کررہے تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سکندر شاہ اور دیگر نے کہاکہ گزشتہ دنوں بھی احتجاج کر نے پر ایکسائز پولیس اہلکار نے علاقے کے کئی افراد کو حملہ کر کے زخمی کر دیا جبکہ علاقہ پولیس لوگوں کی شکایات سننے کے بجائے منشیات فروشوں کی سر پرستی کر رہی ہے، اس حوالے سے محکمہ اوقاف کو بھی درخواستیں دی جاچکی ہیں، مظاہرین نے وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی حیدرآباد سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا نوٹس لیکر منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کر کے درگاہ کے تقدس کو بحال کیا جائے اور زائرین و علاقہ مکینوں کو تحفظ فراہم کیا جائے بصورت دیگر حالات کی تمام تر ذمہ داری حیدرآباد کی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔