اٹک (جیوڈیسک) اٹک کے علاقہ شادی خان میں پاک آرمی کی جانب سے کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کی قبر پر فاتحہ خوانی کی گئی اور سلامی پیش کی گئی۔
دعا کے لیے اہم سیاسی و حکومتی شخصیات کی شہید کے آبائی علاقے میں آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔پاک آرمی کے چاق وچوبند دستے نے کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کی قبرپر سلامی پیش کی اور پھول کی چادر چڑھائی۔ ہوم سیکرٹری پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان کی جانب سے بھی پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
سول ڈیفنس کے بم سکواڈ کا عملہ بھی شادی خان پہنچا اورعلاقے کا جائزہ لیا، سراغ رساں کتوں کی مدد سے تلاشی بھی لی گئی۔ وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال دعا کے لیے کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر پہنچے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھاکہ شجاع خانزادہ کی قربانی مشعل راہ ہے ، آنے والی نسلوں کو محفوظ مستقبل دینے کے لیے اس جنگ کو جیتنا ہے۔
ملک میں عسکری اور سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے ،ادارے ملکر کام کریں تو کوہ ہمالیہ بھی سرکرسکتے ہیں۔ شادی خان میں ہوئے دہشت گرد حملے کا ایک اور زخمی آج اسپتال میں دم توڑ گیا۔ مرحوم امریز خان کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کے قریبی عزیز تھے۔