سکردو (جیوڈیسک) تم نے دھرتی سے وفا کا عہد نبھایا، قوم تمہیں سلام پیش کرتی ہے۔ شہدائے گیاری کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے سیاچن میں تقریب منعقد کی گئی، یادگار پر پھول چڑھائے گئے۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کہتے ہیں ہمت اور حوصلے سے گیاری میں شہدا کے جسد خاکی نکالے، بظاہر ناممکن کام فوج نے اللہ کی مدد سے کر دکھایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ وطن پر قربان ہونے والے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا فیصلہ کیا تھا تمام شہدا کے جسد خاکی کو ان کے لواحقین تک پہنچائے گے اور اللہ تعالی کی مدد سے کر دکھایا ، ماہرین نے شہدا کے جسد خاکی کی تلاش کے لئے 7 سے 8 سال کا عرصہ بتایا تھا۔ آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی کا یہ بھی کہنا تھا مادر وطن کے دفاع کے لئے جان قربان کرنیوالوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔
شہدا گیاری سیکٹر کی یاد میں منعقدہ تقریب میں پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کے ساتھ ساتھ شہدا کے لواحقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں شہدا کی ملک و قوم کیلیئے قربانی پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ واضح رہے سیاچن کے گیاری سیکٹر میں سات اپریل دو ہزار بارہ کو برفانی تودے کی زد میں آ کر 129 فوجی جوان اور 11 عام شہری شہید ہو گئے تھے۔
شہدا کے جسد خاکی نکالنے کیلیے شروع کیے گئے پاک فوج کے ریسکیو آپریشن میں 500 سے زائد ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ امدادی کاموں میں امریکہ، سوئٹزرلینڈ اور جرمنی کے ماہرین کی بھی خدمات حاصل کی گئیں۔