سیالکوٹ میں نرس کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار

Accused

Accused

سیالکوٹ (جیوڈیسک) سیالکوٹ میں نرس کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے ڈاکٹر نے ساتھیوں کے ساتھ مل کراسٹاف نرس کواجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور وہ دم توڑ گئی۔

18 نومبر کی شب پولیس کوڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کی ایک نرس کی لاش خواجہ صفدر روڈ سے ملی جسے نامعلوم کار سوار پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد بلال نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

جس نے انکشاف کیا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے ڈاکٹر نے اسٹاف نرس کو شادی کا جھانسہ دے کر اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ حالت غیر ہونے پر نرس دم توڑ گئی۔

ملزم بلال کا کہنا تھا کہ یہ سارا پلان قتل سے ایک ہفتہ قبل ایک ریسٹورنٹ میں تیار کیا گیا تھا جس میں ڈاکٹر ایمان نے کہا تھا کہ نرس اس کے پیچھے پڑ گئی ہے اور شادی کے لیے مجبور کر رہی ہے۔

اب وہ اس سے جان چھڑوانا چاہتا ہے اور وہاں یہ بات طے پائی گئی۔ ڈی ایس پی سٹی مقصود لون کا کہنا ہے کہ قتل اور زیادتی کا مرکزی ملزم ڈاکٹر ایمان اس وقت ملک سے باہر ہے جس کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔