سیالکوٹ (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستان کی جانب سے گزشتہ کئی روز سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
اتوار اور پیر کی درمیانی شب ہندوستانی سیکیورٹی فورسز نے ایک مرتبہ پھر سیالکوٹ کے چارواہ سیکٹر پر فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں دو عام شہری زخمی ہو گئے۔
فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کے نتیجے میں سیالکوٹ کی سرحد پر متعدد دیہاتوں اور مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ فائرنگ اور گولہ باری سے متعدد مویشیوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ رو بھی انڈین سیکیورٹی فورسز نے سیالکوٹ کے چڑوال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک شہری شدید زخمی ہو گیا تھا۔ ہفتے کو بھی ہندوستان کی جانب سے مختلف سیکٹروں پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا اور اس دوران ایک خاتون سمیت تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔