سیالکوٹ (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دشمن کے دانت کھٹے ہی نہیں بلکہ توڑ بھی سکتا ہے، بھارت سے کہتے ہیں جارحیت بند کرے ورنہ وہ جواب دیا جائے گا کہ وہ ساری زندگی یاد رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے سیالکوٹ میں بھارتی جارحیت کے شکار چارواہ سیکٹر کے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے جو بربریت کی ہے اس پر پوری پاکستانی قوم بھرپور مذمت کرتی ہے۔ پاکستان ایک ایٹمی اور پرامن ملک ہے۔ اس کے 18 کروڑ عوام اور بہادر فوج بھارت کو منہ توڑ جواب دے سکتی ہے۔
انہوں نے بھارتی قیادت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسا نہ کرے اور ہوش کے ناخن لے، چارواہ سیکٹر کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے جاری جارحیت میں شہید ہونے والوں کے ورثاء کو5، 5 لاکھ اور زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے کے چیک بھی دیئے۔