سیالکوٹ (جیوڈیسک) سیال کوٹ میں ورکنگ باونڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا۔ بھارتی جارحیت نے شہریوں کو عید کی خوشیوں سے بھی محروم کر دیا۔ بھارتی فوج تین روز سے سیالکوٹ کے مختلف سیکٹرز پر فائرنگ اور گولا باری کررہی ہیں۔ فائرنگ کا ہدف چپراڑ سیکٹر، عمراں والی، بجوات اور سجیت گڑھ سیکٹر ہیں۔ جمعے کو بھارتی فائرنگ سے سجیت گڑھ سیکٹر میں ایک شہری جاں بحق ہوگیا۔
متاثرہ علاقوں کے لوگ خوف میں مبتلا ہیں اور بھارتی جارحیت کی وجہ سے ان کی عید کی خوشیاں بھی ماند پڑگئی ہیں۔ بھارتی فوج کی اشتعال انگیز کارروائیوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے 24 گھنٹے جاری ہے۔ جمعرات کو بھی بھارتی فائرنگ سے چناب رینجرز کا ایک جوان شہید ہوگیا تھا۔ سیال کوٹ کے علاوہ نارو وال کے شکر گڑھ سیکٹر میں بھی بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہری سخت پریشان اور خوف زدہ ہیں۔