سبی (جیوڈیسک) سبی ریلوے اسٹیشن پر جعفر ایکسپریس کی بوگی میں دھماکے سے جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلویز کوئٹہ محمد اشرف لنجار کے مطابق کوئٹہ سے راولپنڈی جانیوالی جعفر ایکسپریس شیڈول سے دس منٹ پہلے ایک بجکر دس منٹ پر سبی ریلوے اسٹیشن پہنچی، جہاں سکیورٹی کلیرنس سے پہلے ٹرین کی ایک بوگی میں زوردار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی ، زیادہ تر ہلاکتیں آگ سے جھلسنے کے باعث ہوئیں، دھماکے سے ٹرین کی مزید تین بوگیوں کو نقصان پہنچا۔
دھماکے کے بعد ریلوے اسٹیشن پر افراتفری پھیل گئی، زخمیوں کو سول اسپتال ، سی ایم ایچ اور ریلوے اسپتال منتقل کیا گیا ہے ، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے،، زخمیوں میں کچھ افراد کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے کے بعد ریلوے اسٹیشن کو ایف سی اور پولیس نے گھیرے میں لے لیا ہے اور دھماکے کی نوعیت سے متعلق تفتیش کی جارہی ہے۔