سبی ریلوے اسٹیشن پر جعفر ایکسپریس میں دھماکے سے 7 افراد جاں بحق، 20 زخمی

Blast

Blast

سبی (جیوڈیسک) کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی جعفر ایسکپریس میں سبی ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے۔

کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس جیسے ہی سبی ریلوے جنکشن پر پہنچی تو ایک زور دار دھماکہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے، دھماکے کے نتیجے میں ٹرین کی ایک بوگی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ حادثے کے بعد ٹرین میں آگ لگ گئی۔ دھماکے کے باعث علاقہ مکینوں اور ریلوے مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور سول اسپتال سبی منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ایم ایس سول اسپتال سرور ہاشمی کا کہنا ہے کہ 30 سے زائد زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے۔

تمام کی حالت تشویشناک ہے، بہت سے مریض جھلسے ہوئے ہیں، اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، زخمیوں کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ معمولی نوعتیت کے زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ شدید نوعیت کے زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کر کے دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل نصیر آباد میں بگٹی ایکسپریس پر بھی فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 2 مسافر جاں بحق ہو گئے تھے۔