لاہور (جیوڈیسک) 19 اکتوبر مینار پاکستان پر عوامی تحریک کا یاد گار جلسہ ہو گا زندہ دلان لاہور کے نوجوانوں کو متحرک کرنے کیلئے ریلوے سٹیشن سے مینار پاکستان تک موٹر سائیکل ریلی نے موجودہ حکمرانوں کی نام نہاد جمہوریت اور ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔
ان خیالات کا اظہار صدر عوامی تحریک لاہور چودھری افضل گجر نے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں کثیر تعداد میں موٹر سائیکل سوارشریک ہوئے جنہوں نے ’’گو نواز گو‘‘ اور ’’گو نظام گو‘‘ کے نعرے لگائے۔
صدر عوامی یوتھ ونگ ملک عمران نے کہا کہ جلسہ میں ق لیگ، مجلس وحدت المسلمین، سنی اتحاد کونسل، تاجر، وکلا، مزدور، کسان، ملازم، مذہبی طبقہ اور سول سوسائٹی سے بھاری تعداد میں لوگوں کی شرکت ہو گی۔ قائدین نے کہا کہ 19 اکتوبر کا مینار پاکستان کا جلسہ قرارداد مقاصد کے جلسے کی یاد تازہ کریگا۔