اسلام آباد (جیوڈیسک) ضمنی الیکشن میں سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ اہمیت اختیار کر گئے، سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ 6 حلقوں میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں۔
غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 6 حلقوں میں جیت کا فرق انتہائی کم ہے۔
این اے 60 میں جیت کا مارجن تقریباً 600 ووٹ ہے، پی کے 7 سوات میں جیت کا فرق صرف 600 ہے۔
اس کے علاوہ پی کے 53 مردان میں بھی جیت کا مارجن صرف 36 ووٹوں کا ہے جبکہ پی کے3 سوات میں جیت کا مارجن 800 ووٹوں کا ہے۔
غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی پی27 جہلم میں بھی امیدوار صرف 600 ووٹوں کے فرق سے کامیاب رہا،اس کے علاوہ پی پی 3 اٹک میں امیدوارکی جیت کا مارجن 150 ووٹوں کے قریب ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان ندیم قاسم کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں کا فیصلہ نادرا حکام سے ملاقات میں ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان الیکشن کمیشن ندیم قاسم کا کہنا تھا کہ 85 فیصد اوورسیز ووٹر نے ووٹ کاسٹ کیے ہیں لیکن نادرا حکام کے ساتھ ملاقات میں طے ہوگا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں کو شامل کرنا ہے یا نہیں۔
الیکشن حکام نے بتایا کہ سمندر پار 7364 پاکستانی بطور ووٹرز رجسٹر کیے گئے جن میں سے انٹرنیٹ کے ذریعے کل 6 ہزار 233 ووٹ کاسٹ ہوئے۔
ضمنی انتخابات میں رجسٹرڈ 85 فیصد آئی ووٹرزنے ووٹ کاسٹ کیا، قومی اسمبلی کے 5117 آئی ووٹ کاسٹ ہوئے اور صوبائی اسمبلیوں کے 1116 آئی ووٹ کاسٹ ہوئے۔