کراچی (جیوڈیسک) کراچی مسلم لیگ ن سندھ کے سابق صدر سید غوث علی شاہ نے کہا ہے کہ انہوں نے پارٹی کی صوبائی صدارت سے استعفی دیا ہے، پارٹی رکنیت سے نہیں۔کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید غوث علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں انتخابی دھاندلیوں کے خلاف پارٹی ان ساتھ کھڑی نہیں ہوئی، بلکہ پارٹی کی نظر میں صوبے میں مسلم لیگ کی شکست کا ذمہ دار انہیں کہا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی عہدے سے استعفی مئی میں دیا تھا۔
مستعفی ہونے کے بعد نواز شریف نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ سید غوث علی شاہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے ساتھ کافی وقت گزارا۔ ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ پیر پگاڑا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں تاہم فنکشنل لیگ میں شمولیت کا کوئی اِرادہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ کراچی آپریشن سے متعلق پوچھے گئے سوال پر غوث علی شاہ کا کہنا تھا کہ رینجرز آپریشن کے مثبت نتائج آئیں گے۔