فٹ پاتھ پرسوئے بچوں کوکچلنے والا ڈرائیورگرفتار، مقدمہ درج

Arrested

Arrested

کراچی (جیوڈیسک) ایم اے جناح روڈ پر جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب فٹ پاتھ پر سوئے معصوم بچوں کو تیز رفتار گاڑی سے کچلنے والے ڈرائیور کو گرفتار کر کے اس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پریڈی پولیس کے مطابق مقدمہ قصاص و دیت آرڈیننس کے تحت جاں بحق بچوں کے والد محمد فرید کی مدعیت میں حادثے کے ذمے دار ڈرائیور 28 سالہ عامر کے خلاف درج کیا گیا ہے ۔پریڈی تھانے کے سب انسپکٹر سعید نے ایکسپریس کو بتایا کہ ملزم عامر بلڈ پریشر کامریض ہے۔

اس نے بیان دیا ہے کہ حادثیکے وقت اس کی آنکھوں کے سامنے اندھیر اچھا گیا تھا ، اسے کچھ معلوم نہیں ہوسکا کہ گاڑی کس سمت میں جارہی ہے ، وہ نیم بے ہوش ہو گیا تھا۔

پولیس کے مطابق عامر 2روز قبل ہی ادائیگی حج کے بعد وطن واپس لوٹا ہے اور بہادرآباد کا رہائشی ہے اور اپنے والد کے ساتھ کاروبار میں ہاتھ بٹاتاہے۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

واضح رہے کہ ایم اے جناح روڈپرجمعے کی شب تقریباً ایک بجے تیز رفتار کار نمبر AFQ-848 ڈرائیور سے بے قابو ہو کر فٹ پاتھ ہوئے لوگوں پرچڑھ گئی تھی جس کے نتیجے میں 8 سالہ مکیش اور 7 سالہ کاجل دختر فرید ہلاک جبکہ 10 سالہ اجے ، 30 سالہ سنجے اور 35 سالہ فرید زخمی ہو گئے۔

حادثے کو دیکھتے ہی قریبی واقع دلپسند آئسکریم شاپ پر موجود شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور حادثے کے ذمے دار کار ڈرائیور کو پکڑ لیا۔ اسی اثنا میں پریڈی تھانے کی پولیس بھی موقع پرپہنچ گئی اور ڈرائیور عامر کو تحویل میں لے کرتھانے بھیج دیا۔

جبکہ ہلاک و زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں بچے بہن بھائی اورخانہ بدوش تھے جو گزشتہ کئی سالوں سے اپنے والدین کے ساتھ ریڈیو پاکستان کے سامنے فٹ پاتھ پر رہائش پذیر تھے۔