اسلام آباد (جیوڈیسک) پولیس انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اسلام آباد واقعہ کے مرکزی کردار سکندر کی اہلیہ کو مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو اپنے شوہر کی منصوبہ بندی کا بخوبی علم تھا۔ اسلام آباد کے جناح ایونیو واقعہ کے دوران پولیس اور مسلح شخص سکندر کے مابین پیغام رسانی کا کردار ادا کرنے والی اس کی اہلیہ کنول کو 7 دن کا جسمانی ریمانڈ پورا ہونے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، خصوصی عدالت کے جج عتیق الرحمان نے کیس کی سماعت کی۔ پولیس نے موقف اختیار کیا کہ ملزمہ کنول اپنے شوہر کی منصوبہ بندی سے بخوبی آگاہ تھی لیکن معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے اصل بات بتانے کی بجائے گمراہ کر رہی ہے، حقائق جاننے کے لیے ملزمہ کامزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے، عدالت نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزمہ کنول سکندر کو 28 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔