واشنگٹن (جیوڈیسک) سکھ کمیونٹی نے بھارتی حکمراں جماعت بھارتیا جنتا پارٹی کے مسلح ونگ آر ایس ایس کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کے لئے اعلی عدالت میں درخواست دائر کردی جبکہ عدالت نے امریکی وزیر خارجہ کو طلب کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں مقیم سکھوں کی تنظیم سکھ فار جسٹس کی جانب سے اعلی امریکی عدالت میں آر ایس ایس کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے سے متعلق درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے بھارتی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے مسلح ونگ راشٹریا سیوک سنگھ (آر ایس ایس) متعدد پرتشدد واقعات میں ملوث ہے اور حکمراں جماعت کی جانب اسے تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔ 26 صفحات پر مشتمل شکایتی درخواست میں عدالت کو بتایا گیا آر ایس ایس نے ملک بھر میں مختلف مذاہب کو لوگوں کو زبردستی ہندو مذہب اپنانے پر مجبور کرنے کی مہم جاری کر رکھی ہے۔
اس موقع پر عدالت نے امریکی وزیرخارجہ جان کیری کو طلب کرتے ہوئے 60 روز میں جواب مانگ لیا جب کہ گزشتہ ماہ عدالت نے 2002 میں قتل عام میں ملوث بھارتی صدر نریندر مودی کا استثنیٰ بھی ختم کردیا تھا۔ دوسری جانب سکھ فار جسٹس کے وکیل کا کہنا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری کی جانب سے آر ایس ایس کو دہشتگرد تنظیم قرار نہ دیئے جانے کے بعد عدالت سے رجوع کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی عدالت کی جانب سے سکھ کمیونٹی کی درخواست پر اس موقع پر سماعت کی جارہی ہے کہ جب بھارت میں 26 جنوری کو یوم جمہوریہ منایا جائے گا اور اس میں امریکی صدر بارک اوباما مہمان خصوصی ہوں گے۔