لاہور (جیوڈیسک) اداکارہ وماڈل آمنہ الیاس نے کہا ہے کہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ اس طرح سے سلورسکرین پرکامیابی ملے گی۔ ماڈلنگ سے شروع ہونے والا سفربلاشبہ بڑا مشکل تھا لیکن پھرکڑی محنت اورلگن سے میں نے وہ مقام حاصل کیا۔
جس کوپانے کے لیے لوگوںکو کئی کئی برس دھکے کھانے پڑتے ہیں۔سلورسکرین پروہ کام نہیں کروں گی جسے دیکھ کر آنکھیں چرانا پڑیں ان خیالات کا اظہار آمنہ الیاس نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کا حصہ بننا میرے لیے کسی بھی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے۔ یہ جہاں میرے لیے اعزاز کی بات ہے وہیں مجھ پربھاری ذمے داری بھی آن پڑی ہے کیونکہ فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی ماڈلز کی اکثریت ہمیشہ فلموں سے دور رہی ہے اورماضی میں اس طرح کی مثالیں نہ ہونے کے برابرہیں۔ اس لیے بطورفیشن ماڈل مجھے اس بات کا بخوبی احساس ہے کہ ایکٹنگ کے شعبے میں کام کرتے ہوئے مجھے اپنی ساکھ کوکس طرح بہتررکھنا ہے۔
مجھے ایکٹنگ کے شعبے میں آنے کے بعد بہت سے پروجیکٹس آفر ہوئے ہیں لیکن میں نے جلد بازی سے کام نہ لیاکیونکہ میں نے ایک بات سوچ رکھی ہے کہ کبھی تعداد بڑھانے کے لیے ہرفلم میں کام نہیں کرنا۔ میں تھوڑا کام کرون گی مگروہ ہر لحاظ سے معیاری ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ میری پہلی فلم جب نمائش کے لیے پیش کی گئی جہاں اس کی کہانی بہت منفرد تھی وہاں اس کی کاسٹ بھی سب سے الگ تھی۔ بالی وڈ کے ورسٹائل اداکار نصیرالدین شاہ کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت شانداررہا۔
انھوں نے کہا کہ مجھے گزشتہ دنوں بالی وڈ کے ایک معروف فلمساز ادارے کی طرف سے اہم کردارمیں سائن کرنے کی پیشکش ہوئی ہے لیکن فی الوقت میں نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔انھوں نے کہا کہ میں اپنے کیرئیر میں کوئی بھی ایساکام نہیں کرنا چاہتی جس کے بعد مجھے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے۔ میرے آنے والے پراجیکٹس اس بات کی تصدیق کرینگے کہ سلور سکرین پرچمکنے کے لیے میں وہ کام نہیں کرسکتی جس کو میں اپنی فیملی کے ساتھ نہ دیکھ سکوں۔