کراچی (جیوڈیسک) صوبائی ایپکس کمیٹی نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے اور کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں سندھ کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان، ڈی جی رینجرزمیجر جنرل بلال اکبر، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں پولیس اور رینجرز حکام نے قومی ایکشن پلان اور کراچی آپریشن پر بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں قومی ایکشن پلان اور کراچی آپریشن، سندھ میں مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور تشدد کی نئی لہر اور اس میں ہونے والی تحقیقات میں پیشرفت پر بھی بات چیت ہوئی جب کہ کمیٹی نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ایپکس کمیٹی نے دہشت گردوں، جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے اور کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا۔