کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی میں مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف اور فنکشنل لیگ کی جانب سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف پیش کردہ مشترکہ قرارداد منظورکرلی گئی۔
مسلم لیگ (ن)، فنکشنل لیگ اور تحریک انصاف کی جانب سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیان کے خلاف مذمتی قرارداد ایوان میں پیش کی گئی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم ارکان نے شدید احتجاج کیا اورزبردست نعرے بازی کی تاہم اسمبلی میں شورشرابے اورنعروں کی گونج کے باوجود ایوان نے الطاف حسین کےخلاف لائی گئی مشترکہ قرارداد منظور کر لی۔
قرارداد کے متن کے مطابق ایوان پاکستان میں بیرونی مداخلت کے الطاف حسین کے بیان کی مذمت کرتا ہے اور ایم کیو ایم کے قائد کی جانب سے سندھ کی تقسیم کے مطابے کو مسترد کرتا ہے۔ قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بیرونی مداخلت کے بیان پرالطاف حسین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔